10 طلبہ نے مکمل کیا حفظِ قرآن، علماء نے دعاؤں اور نصیحتوں سے نوازا
✍️ عثمان صدیقی
پولی، سنت کبیر نگر:
مدرسہ عربیہ بستان العلوم پولی میں شعبۂ تحفیظ القرآن سے رواں سال قرآنِ کریم کا حفظ مکمل کرنے والے 10 خوش نصیب طلبہ کی مجلسِ تکمیلِ حفظِ قرآن کا انعقاد 15 جنوری 2026، بروز جمعرات، صبح 10 بجے بستانی مسجد پولی میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کیا گیا۔
مجلس کی صدارت مدرسہ کے ناظم مولانا ابوالکلام مظاہری صاحب نے کی، جبکہ شعبۂ حفظ کے اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد موجود رہی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ اللہ سے ہوا، اس کے بعد بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ پاک پیش کی گئی۔
بعد ازاں، 10 حفاظِ کرام نے قرآنِ مقدس کی آخری سورت کی تلاوت کر کے اپنے حفظ کی تکمیل کا اعلان کیا اور یوں حاملینِ قرآن کی مقدس جماعت میں شامل ہوئے۔
اس موقع پر حضرت مولانا عبدالفتاح صاحب نے نو منتخب حفاظ کو قیمتی نصیحتیں کرتے ہوئے قرآنِ کریم پر عمل، اخلاقِ حسنہ اور تقویٰ کی تلقین کی۔ اس کے بعد حضرت مولانا محمد مستقیم قاسمی صاحب (ناظم، مدرسہ عربیہ معراج العلوم چھتہی پوکھرہ) نے حفاظِ کرام، ان کے والدین اور اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کی، طلبہ کو قرآن سے مضبوط وابستگی قائم رکھنے کی خصوصی تاکید کی اور کلماتِ تشکر ادا کیے۔
آخر میں رقت آمیز دعا کے ساتھ اس بابرکت مجلس کا اختتام ہوا۔ حاضرین نے اس روح پرور تقریب کو ایمان افروز قرار دیتے ہوئے مدرسہ انتظامیہ اور اساتذہ کی خدمات کو سراہا۔
0 Comments